کوئٹہ: دھماکہ سے 3 بچے جاں بحق‘ نصیر آباد میں دہشتگردی ناکام

Jun 04, 2021

 کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ میں دستی بم پھٹنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق جمعرات کو کوئٹہ کے علاقے خروٹ آباد میں واقعہ کلی بادیزئی میں بچے قبرستان کے قریب کھیل رہے تھے کہ انہیں وہاں موجود ایک دستی بم ملا جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 10سالہ عدنان، شائستہ خان سمیت تین بچے جاں بحق جبکہ احسان اللہ اور بسم اللہ زخمی ہوگئے۔ پولیس نے لاشوں اور زخمی بچوں کوہسپتال منتقل کردیا اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد تحقیقات شروع کر دیں۔ دوسری جانب نصیرآباد میں ایف سی نے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی۔ نامعلوم افراد نے تخریب کاری کی غرض سے موٹرسائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کر کے سڑک کے کنارے کھڑا کر رکھا تھا۔ ایف سی نے بروقت اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر بم ناکارہ بنا کر قبضے میں لے لیا تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ 

مزیدخبریں