مسئلہ کشمیر کے حل تک آذربائیجان پاکستان کیساتھ کھڑا رہے گا، صاحبہ غفاروو

 اسلام آباد(نا مہ نگار)آذربائیجان کی مجلس ملی کی اسپیکر صاحبہ غفاروو نے جموں و کشمیر کے معاملے پر اپنے ملک کی جانب سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ آذربائیجان جب تک مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل نہیں ہوتا اس وقت تک پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔اسپیکر آذربائیجان مجلس ملی نے جمعرات سہ پہر پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد میں اسپیکر اسد قیصر سے ملاقات کی۔ اسپیکر اسد قیصر نے کہا کہ اقتصادی تعاون تنظیم(پی اے ای سی او)کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس میں آذربئجان کی فعال شرکت دونوں ممالک کے مابین دوستی کا ثبوت ھے۔انہوں نے آذربائیجان کی مجلس ملی کی اسپیکر صاحبہ غفاروو کا انہیں ای سی او کی ایگزیکٹو کونسل کا چیئر مین منتخب کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوسری پائیکو کانفرنس میں علاقائی تعاون کے لیے آذربائیجان کی پارلیمنٹ کا تعاون قابل تحسین ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آذربائیجان کے وفد کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعاون سے نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے تجارت ، صنعت اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں نئے راستے تلاش کرنے کے لئے پارلیمانی دوستی گروپ کی سطح پر بات چیت پر زور دیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تعلقات مشترکہ عقیدے، بھائی چارے اور دوطرفہ باہمی احترام کی بنیادوں پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے کشمیر کے بارے میں واضح موقف نے پاکستانی اور کشمیری عوام کا  دل جیت لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ناگورنو کاراباخ کے معاملے پر آذربائیجان کے موقف کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ آذربائجان کی مجلس ملی کی اسپیکر صاحبہ غفوروو نے پاکستان میں ان کی آمد پر استقبال اور میزبانی پر اسپیکر اسد قیصر کا شکریہ ادا کیا۔  

ای پیپر دی نیشن