اسلام آباد(نیوزرپورٹر) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قطر کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور قطر ی سفیر کی جانب سے دیئے گئے ظہرانہ میں شرکت ۔ ظہرانہ میں چیئرمین سینیٹ کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کرنے والے قطر کا وفد بھی شامل تھا۔ سفارتخانے میں ملاقات کے دوران وفد سے پاکستان میں قیام کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کے رہنمائوں نے کہا کہ پاکستان کا دور ہ نہایت اہم اور کامیاب رہا اور ہمیں نہایت خوشی ہے کہ پاکستان کا دورہ کیا۔ پاکستان ایک دوست برادر ملک ہے اور اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں کا سلسلہ اس طرح جاری رہنا چاہئے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی رابطہ کاری کیلئے ہمیں مزید راہیں ہموار کرنی چاہئے تاکہ ہم ترقی اور خوشحالی کیلئے ملکر کام کر سکیں۔ ظہرانہ میں سینیٹرز ثمینہ ممتاز ، فوزیہ ارشد، کہدہ بابر ، دلاور خان، عبدالقادر اور دیگر بھی شریک ہوئے۔