آئی ووٹنگ سسٹم پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت ہے ، صدر علوی 

اسلام آباد(خبر نگار)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے آئی ووٹنگ سسٹم پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر انتخابی طریقہ کار نہ ہونے کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانی انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے سکتے، اس مقصد کے لئے کیلئے آئی ووٹنگ کا موثر اور فول پروف نظام وضع کیا جائے۔ وہ جمعرات کو یہاں ایوان صدر میں آئی ووٹنگ میں ابھرتی ٹیکنالوجیز پر ذیلی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔صدر مملکت نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ترسیلات زر کے ذریعے ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں تاہم بدقسمتی سے موثر انتخابی طریقہ کار نہ ہونے کے باعث سمندر پار پاکستانی انتخابی عمل میں حصہ نہیں لے سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیلئے آئی  ووٹنگ سسٹم پر کام تیز کرنے کی ضرورت ہے، اس سلسلے میں ماہرین کی مدد لی جائے اور آئی ووٹنگ متعارف کرانے کیلئے مدت متعین کی جائے۔اجلاس میں وزیر برائے آئی ٹی سید امین الحق اور سیکرٹری آئی ٹی محمد سہیل راجپوت، چیئرمین نادرا خالد لطیف اور ڈائریکٹر جنرل آئی ٹی الیکشن کمیشن خضر عزیز، دیگر متعلقہ سینئر حکام اور ایڈوائزری کمیٹی کے ممبران نے بھی شرکت کی۔ 

ای پیپر دی نیشن