اسلام آباد(نیوزرپورٹر)پارلیمنٹ کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کو کشمیر کمیٹی کی کشمیر سے متعلق عالمی مہم میں نمائندگی دیں گے۔ جمعرات کو آل پارٹی حریت کانفرنس کے ہیڈکوارٹر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی رہنمائوں سے خطاب کرتے ہوئے۔ چیئر مین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نے مسئلہ کشمیر کو عالمی برادری میں اجاگر کرنے میں کل جماعتی حریت کانفرنس (اے پی ایچ سی) کے رہنمائوں کو نمائندگی دینے کا وعدہ کیا۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے تنازعہ کشمیر سے متعلق ملکی پالیسی میں تبدیلی کی ہے اور تحریک انصاف مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ ا کیسویں صدی میں بھی انسانیت کا خون بہا یا جارہاہے کیونکہ جموں و کشمیر وہ جگہ ہے جہاں اب بھی انسانیت کے خلاف وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے اقوامِ متحدہ کے اجلاس میں واضح طور پر مسئلہ کشمیر کے لئے اپنی اٹل وابستگی کا اظہار کیا۔ چاہے وہ کشمیر پر بھارت کا ناجائز قبضہ ہو یا فلسطین پر غیر قانونی اسرائیلی قبضہ، پاکستان کا قابض حکومتوں کے خلاف ایک اصولی موقف ہے اور ہم قابض قوتوں سے آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والے کشمیریوں اور فلسطینی عوام کے ساتھ اپنے عزم پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اے پی ایچ سی کے نمائندہ سید فیض نقشبندی نے کہا کہ اے پی ایچ سی شہریار آفریدی کی سربراہی میں کشمیر کمیٹی کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے دیئے گئے بیانیہ کا بھی خیر مقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی دراصل پاکستان کی تکمیل کی تحریک ہے اور یہ جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوجاتے۔تحریک حریت کے نمائندہ غلام محمد صافی نے کہا کہ تحریکِ حریت کے چیئرمین اشرف صحرائی نے اپنی اور اپنے بیٹے کی جان دے کر آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی۔
کشمیر میں انسانیت کیخلاف وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا جارہا ہے، شہریار آفریدی
Jun 04, 2021