جہانیاں(نامہ نگار)بھکاری خواتین کے دو گروپوں میں شدید لڑائی ،ڈنڈ وںاور اینٹوں کا آزادانہ استعمال،پولیس دو گھنٹے تاخیر سے پہنچی، ایلیٹ فورس اہلکار کاخواتین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج۔تفصیلات کے مطابق جہانیاں میں بھکاری خواتین کے دو گروپوں میں بھیک مانگنے پر تصادم ہوا دونوں گروپوں نے اینٹوں ڈنڈوں کا آزادانہ استعمال کیا جس سے مین روڈ میدان جنگ بنا رہا، سر میں اینٹیں لگنے سے 4خواتین زخمی ہوگئیں ،موقع پر موجود ایلیٹ فورس اہلکار بھکاری خواتین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کرتے رہے جبکہ تشدد کی فوٹیج بنانے پر جہانیاں پریس کلب کے سنیئر ممبر شیخ ارشد چاند اور صحافی باسط چوہدری کو ایلیٹ فورس اہلکار ہراساں کرتے رہے شیخ ارشد چاند کا موبائل چھین کر زمین پر پٹخ دیااور فوٹیج بنانے سے باز رہنے کی دھمکیاں دیں جس پر جہانیاں کی صحافی برادری کمیٹی چوک میں جمع ہوگئی اور احتجاجی کیمپ لگایا گیا اور مطالبہ کیا کہ ایلیٹ فورس اہلکاروں کی معطلی اور ضلع بدری تک احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ پولیس کی جانب سے روائتی بے حسی کا مظاہرہ کیا اور دوگھنٹے تاخیر سے موقع پر پہنچی اور تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی اس لڑائی کے کسی ملزم کے خلاف پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔سماجی شہری حلقوں نے آر پی او ملتان سے کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔