میمونہ ہاشمی اور زاہد بہار ہاشمی کی عمارتیں گرانے سے متعلق درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر صدر اور تحصیل میونسپل آفیسر سے آج جواب طلب 

Jun 04, 2021

 ملتان (سپیشل رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ کے جج جسٹس علی باقر نجفی نے سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کی بیٹی میمونہ ہاشمی اور داماد زاہد بہار ہاشمی کا سکول اور شادی ہال سمیت دیگر عمارتیں گرانے سے متعلق درخواست پر اسسٹنٹ کمشنر صدر اور تحصیل میونسپل آفیسر سے آج جواب طلب کر لیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تعمیرات گرانے والے آپریشن کا انچارج کون تھا، لاء  آفیسر نے موقف اپنایا کہ جگہ کا سائٹ پلان موجود نہیں تھا پیٹشنر کے وکیل نے کہا کہ عمارتیں 1983 اور 2004 سے بنی ہوئی اسلئے سائٹ پلان نہیں تھا۔قبل ازیں عدالت عالیہ میں پٹیشنر میمونہ ہاشمی نے کونسلز شاہزیب ہاشمی اور تنویر عالم ہاشمی کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ انتظامیہ نے مخدوم رشید میں ملکیتی سکول اور شادی ہال سمیت دیگر عمارتوں کو مسمار کیا، عمارتوں کو مسمار کرنے کی آئینی اور قانونی وجہ نہیں بتائی گئی، انتظامی افسران ہراساں و پریشان کررہے، جو کہ غیر قانونی اقدام ہے، بلڈنگز گرانے سے متعلق تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنائی جائے۔

مزیدخبریں