ویکسینیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہ جولائی سے بند کر د ینگے: مراد شاہ

Jun 04, 2021

کراچی (وقائع نگار) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے صوبے کے تمام شہریوں کیلئے ویکسی نیشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے  کہا کہ ہمیں سخت اقدامات کرکے اپنے شہریوں کو محفوظ بنانا ہے۔  انھوں نے یہ فیصلہ  جمعرات کو وزیراعلی ہاس میں کرونا وائرس سے متعلق صوبائی ٹاسک فورس اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ محکمہ صحت صوبے میں ویکسی نیشن کرانے کیلئے ضرورتی  سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے کہا  کہ میں چاہتا ہوں کہ دیہی علاقوں کے کم ازکم 300 بنیادی یونٹس کو ویکسی نیشن سینٹرز میں تبدیل کیا جائے اور روزانہ30 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف مکمل کیا جائے۔ ہر تعلقہ سطح پر پانچ موبائل ویکسی نیشن ٹیمیں قائم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کم از کم60 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کرنی ہوگی۔ وزیراعلی سندھ نے محکمہ صحت کو کہا کہ90 نجی ہسپتالوں کو  پہلے ہی10 ہزار ویکسی نیشن کا ہدف دیا گیا کہ وہ  لوگوں کو حفاظتی ویکسین لگائیں۔ ویکسی نیشن کیلئے مزید نجی ہسپتالوں کی رجسٹریشن کریں۔ مراد علی شاہ نے چیف سکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ تمام سرکاری/ نیم سرکاری/ بلدیات کے ملازمین کو اپنے عملے کوویکسی نیشن لگوانے کیلئے جون تک کاوقت دیں اور ان ملازمین کی تنخواہیں روک دی جائیں جو اس  مہینے کے اختتام تک  ویکسی نیشن نہ کرالیتے، یعنی ویکسی نیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں جون کے بعد بند کردی جائیں گی۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ ابھی تک صورتحال بہتر نہیں ہوئی ہے۔ مئی کے آخری 30 دنوں کے دوران کرونا وائرس کے 392 مریض فوت ہوئے ، 19 فیصد یعنی 73 افراد گھروں میں ہی دم توڑ گئے۔ ہمیں اموات کی شرح پر قابو پاناا ہوگا۔

مزیدخبریں