کراچی(نیوز رپورٹر)برساتی نالوں کی صفائی اور کچرے کے مستقل حل کے لئے محکمہ بلدیات حکومت سندھ کی کاوشوں نے اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔ ہمارے نمائندہ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری بلدیات سندھ سید نجم احمد شاہ نے بتایا کہ محض ایک ہفتے کی کاروائی کے نتیجے میں شہر کے مختلف اضلاع کی حدود میں واقع برساتی نالوں کا آٹھ لاکھ تیس ہزار دوسوچوالیس کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس منتقل کردیا ہے اور سارے عمل کی شفاف اور موثر انداز سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ نجم احمد شاہ کے مطابق سات دنوں میں ڈسٹرکٹ ساوتھ کی حدود میں واقع برساتی نالوں سے 251397کیوبک فٹ کچرا، ضلع غربی سے 274976کیوبک فٹ، بلدیہ شرقی کے برساتی نالوں سے 22980کیوبک فٹ، ضلع وسطی سے 237082کیوبک فٹ، ڈسٹرکٹ ملیر کے برساتی نالوں سے 18223کیوبک فٹ اور ڈسٹرکٹ کورنگی سے 25586کیوبک فٹ فضلہ لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا گیا ہے۔ سیکرٹری بلدیات سندھ نے لینڈ فل سائٹس کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ جام چاکرو کی لینڈ فل سائٹ پر 303870 کیوبک فٹ اور گوند پاس کی لینڈ فل سائٹ پر 526374کیوبک فٹ برساتی فضلہ پہنچایا گیا ہے۔