کلینیکل ٹرائلز کیلئے استعداد کار کو بڑھانا اہم ہے، ایم اقبال چودھری

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) ڈریپ اور انٹرنیشنل سنٹر برائے کیمیکل اینڈ بیولوجیکل سائنسز کے تعاون سے کامسٹیک نے دوائیوں اور ویکسین کی تیاری کے لئے کلینیکل ٹرائلز پر ایک روزہ تربیتی کورس کا اہتمام کیا۔ کوارڈینیٹر جنرل کامسٹیک ، پروفیسر ڈاکٹر ایم اقبال چودھری نے کہا کہ کلینیکل ٹرائلز کے لئے استعداد کار کو بڑھانا سب سے اہم ہے ، کیونکہ کلینیکل ٹرائلز کے بغیر کوئی ویکسین یا دوائی تیار نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک او آئی سی کے ممبر ممالک میں اپنے پروگراموں کے ذریعے پاکستان کی سافٹ امیج کو فروغ دیتا ہے۔ کامسٹیک کے حالیہ اقدامات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے انہوں نے اسلامی ترقیاتی بینک اور الشفا آئی ٹرسٹ کے تعاون سے افریقی ممبر ممالک کے لئے کامسٹیک کے شروع کردہ صحت اور زراعت کے پروگراموں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامسٹیک نے او آئی سی ممبر ممالک سے بہترین یونیورسٹیز  پر مشتمل کنسورشیم قائم کیا ہے اور کنسورشیم کے ممبر اداروں کے ساتھ مل کر اسکالرشپ اسکیم شروع کی ہے۔افتتاحی اجلاس کی صدارت میجر جنرل عامر اکرام ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ، قومی ادارہ صحت ، اسلام آباد نے کی اور ڈاکٹر عبد الرشید ، ڈائرکٹر ، ڈویژن آف فارمیسی سروسز ، ڈریپ نے خطبہ استقبالیہ دیا۔

ای پیپر دی نیشن