اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)تھانہ شمس کالونی کے علاقے آئی جے پی روڈ کچا سٹاپ پرگزشتہ رات نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے گزشتہ شب شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق رانجھا اوربشیر شاہ کی نماز جنازہ پولیس لائن ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی جس میں آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان، ڈی جی رینجر، شہدا کے اہل خانہ سمیت سینئر پولیس افسران و ملازمین،تاجربرادری،سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی، شہداء کوپولیس کے چاک و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا ۔آئی جی اسلام آباد نے شہداء کے جسد خاکی کوکندھا دیا اور پورے اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں روانہ کیا۔ شہید ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق رانجھا کا تعلق دھریزی ضلع سرگودھا جبکہ شہید ہیڈ کانسٹیبل سید بشیر شاہ کا تعلق ملکیال ہری پور سے ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی اظہار تعزیت کی اور کہا کہ وقوعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔انھوں نے شہداء کے بچوں کو پیار کرتے ہوئے کہا کہ اب آپ ناصرف ہماری ذمہ داری ہیں بلکہ آپ کی ہر ضرورت کا خیال رکھنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے، آپ کے خاندان کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا، شہیدوں نے شہریوں کے جان ومال کی حفاظت کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتیں، ہر افسر و جوان ملک وقوم کی خاطر ہمہ وقت جان نثار کرنے کو تیار ہے۔ اسلام آباد پولیس کے افسران و جوانوں کا مورال بلند ہے، ہر افسر و جوان سماج دشمن عناصر کے سامنے سیسہ پلائی دیوارکی مانند کھڑا ہے۔ شہید اشتیاق رانجھا نے سوگواران میں 1بیوہ ،2بیٹے، 2بیٹیاں جبکہ شہیدبشیر شاہ نے بیوہ ،ایک بیٹا اوردوبیٹیاں سوگوار چھوڑے ہیں۔
نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل اشتیاق رانجھا اوربشیر شاہ کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی
Jun 04, 2021 | 22:39