لاہور(سپورٹس رپورٹر)ملتان میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی تین روزہ ون ڈے کرکٹ سیریز 8 جون سے شروع ہورہی ہے جس کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ملتان پولیس سمیت دیگر ادارے سکیورٹی کو یقینی بنائیں گے ۔ 5 سے 13 جون تک ضلع کی سکیورٹی کو ریڈ الرٹ رکھا جائیگا۔کرکٹ سٹیڈیم کے ارد گرد کے رہائشی اور کمرشل علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنز جاری ہیں جبکہ شہر کے تمام ہوٹلز اور سرائوں میں رکنے والے افراد کی مکمل جانچ کی جارہی ہے۔شائقین کی پارکنگ فاطمہ جناح کالونی میں رکھی گئی ہے جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے سٹیڈیم تک مفت لے جایا جائیگا۔6 ہزار پولیس اہلکار سٹیڈیم کے اطراف ٹیموں کے روٹس پر اور ان ہوٹلز پر تعینات کیے گئے ہیں جہاں یہ دونوں مہمان ٹیمیں قیام کریں گی۔ٹیموں کو ہوٹل سے سٹیڈیم لے جانے اور واپس لانے کیلئے دو مختلف روٹس بنائے گئے ہیں، ٹیموں کو کس روٹ سے لے جایا جائیگا یہ میچ والے دن سکیورٹی حکام فیصلہ کریں گے۔سیریز کے تینوں میچز کی ٹکٹوں کی فروخت کا آغاز کردیا گیا۔ شہریوں کی سہولت کیلئے فاطمہ ٹاؤن اور کچہری چوک پر موجود موبائل وینز پر بھی ٹکٹیں فروخت کیلئے دستیاب ہونگی۔الٰہی برادرز، حنیف محمد، مشتاق احمد اور وسیم اکرم انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 300 روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ فضل محمود، عمران خان، جاوید میانداد اور ظہیر عباس انکلوژرز کے ٹکٹ کی قیمت 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔ میچز کی کوریج کیلئے 21ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائیگا۔ ڈی آر ایس کیلئے ہاک آئی کیمروں کا استعمال بھی کیا جائیگا۔
پاکستان ، ویسٹ انڈیز کرکٹ سیریز ، 6 ہزار پولیس اہلکار ڈیوٹی دینگے
Jun 04, 2022