لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پٹرولیم مصنوعات سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ چھ دن پہلے پٹرول اور ڈیزل بم گرانے کے بعد امپورٹڈ حکومت کی ابھی تسلی نہیں ہوئی تھی کہ آج پھر مہنگائی کا دوسرا بم عوام پر گرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ نااہل لوگ ہیں جو صرف تباہی مچانے کیلئے آئے ہیں، پاکستان کے معاشی مسائل آئی ایم ایف کے پاس جانے سے نہیں بلکہ دیانتداری سے تجارت بڑھانے سے کم ہوں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نااہل حکمران صرف حکومت کے لالچ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کا خون نچوڑ رہے ہیں، اس ظالمانہ فیصلے سے حالات خراب تر ہوں گے، بجلی کی قیمت بڑھا دی، ٹیکسز کی چھری بھی تیار ہے، آئندہ بجٹ لوگوں پر مزید قیامت ڈھائے گا۔
عوام پر مہنگائی کا دوسرا بم‘ حکمران حکومت کے لالچ میں عوام کا خون نچوڑ رہے: پرویز الٰہی
Jun 04, 2022