اسلام آباد(خبر نگار) پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مہنگائی نے پچھلے 4 سال سے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ اس وقت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کی جارہی ہیں۔ ٹوئٹر پر ن لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی سابق حکومت کے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پٹرول اور بجلی کی صورت میں بھگت رہی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ ہمیں عوام کی تکلیف کا ادراک اور احساس ہے۔ اس مشکل ترین معاشی صورت حال میں بھی حکومت پوری توجہ، محنت اور لگن سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔ وزیر اعظم لوڈ شیڈنگ میں کمی کے لیے بھی سر توڑ کوشش کر رہے ہیں۔ آنے والے دنوں میں بہتری آئے گی۔ عمران خان کی پر امن احتجاج کی کال پر ن لیگ کی نائب صدر نے مزید لکھا کہ باقی شرپسندی کی طرح اس کال پر بھی ایک بندہ نہیں نکلا۔ عوام نا صرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکی ہے بلکہ یہ بھی جانتی ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ (ن) ہے۔ کچھ وقت لگے گا مگر ملک بحرانوں سے نکل جائے گا۔