مہنگائی ، ذخیرہ اندوزی کیخلاف پلان تیار ، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس روزانہ ہونگے : حمزہ 

لاہور (نیوز رپورٹر) مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت جامع پلان آف ایکشن تیار کر لیا گیا ہے اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور ڈپٹی کمشنرز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پرائس کنٹرول انسانیت کی خدمت کا معاملہ ہے، ایسا کام کیا جائے کہ مخلوق خدا کو آسانیاں ہوں۔ ہم سب سے پہلے اللہ کو جوابدہ ہیں اورپھر عوام کو جوابدہ ہیں۔ پرائس کنٹرول مانیٹرنگ کیلئے خود بھی فیلڈ میں رہوں گا، وزراء اور افسران بھی باہر نکلیں۔ وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی زیر صدارت  پرائس کنٹرول کمیٹیوں، کمشنرز،ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کا وڈیو لنک اجلاس ہیں۔حمزہ شہباز نے تمام اضلاع کے ڈی سی دفاتر میں روزانہ کی بنیاد پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس کے انعقاد کی ہدایت کی اور کہا کہ ہر ضلع میں پرائس کنٹرول کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔ اجلاس میں تندور پر بکنے والے نان اور روٹی کے نرخ کم کرانے کیلئے خصوصی کمیٹی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ دکانوں، سٹالز، مارکیٹوں پر یکساں پرائس لسٹ آویزاں کی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے فیصل آباد کے ہول سیلز ڈیلرز کی طرف سے دالوں پر منافع نہ لینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ غیر معمولی حالات ہیں،تاجر برادری کا مہنگائی کم کرنے کی کاوش میں حکومت کا ساتھ دینا قابل تعریف ہے۔ دکانداروں کو پریشان کرنا ہمارا مقصد نہیں لیکن پرائس کنٹرول کو یقینی بنایا جائے اور طے شدہ ایس او پیز کے مطابق اشیاء کی قیمتوں کی جانچ پڑتال کی جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے بھر میں لوکل باڈیز کے سابق چیئرمین اورکونسلرز پرائس کنٹرول کی صورتحال کی موثر مانیٹرنگ کریں۔  حمزہ شہباز نے تمام وزراء اور پولیٹیکل اسسٹنٹس کو متعلقہ اضلاع میں مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ آٹے کی بین الاصوبائی نقل و حمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کی جائے۔ حمزہ شہباز نے بجٹ میں عام آدمی پر ٹیکس لگانے کی تجویز مسترد کر دی۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ عام آدمی پر کسی قسم کا بوجھ نہ ڈالا جائے۔ پسے ہوئے طبقے کی مشکلات کم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ نئے ٹیکس لگانے کی بجائے عام آدمی کو ریلیف دینے پر فوکس کیا جائے اور امیر طبقے کے لیے ٹیکس بیس بڑھایا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے کہا کہ وسائل میں اضافے کے لیے آوٹ آف باکس اقدامات تجویز کئے جائیں۔ وزیر اعلی حمزہ شہباز نے وسائل میں اضافے کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہدایت کی۔وزیر اعلی حمزہ شہبازنے  شمالی وزیرستان میں چوکی پردہشتگردوں کی فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی اور شہید سپاہی حامد علی کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ حمزہ شہباز سے مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی مولانا غیاث الدین نے  ملاقات کی اور حمزہ شہباز کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...