اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان اور آذربائیجان نے توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے ،پاکستان میں آذربائیجان کے سفیر خضر فرہادوف نے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران بات چیت کا محور پاکستان آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تھا۔ تیل اور گیس کے شعبے میں شراکت داری دیگر شعبوں جیسے سیاحت کو بڑھا سکتی ہے۔ آذربائیجان ترکی آذربائیجان تعلقات کی طرز پر برادرانہ تعلقات کو اقتصادی تعلقات میں بدلنے کا خواہاں ہے۔وزیر نے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کی تعریف کی اور انہیں مزید مضبوط کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے توانائی پر ورکنگ گروپس کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے پیٹرولیم ڈویژن سے ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا۔وزیر نے ایل این جی سیکٹر میں آذربائیجان کی سرکاری تیل کمپنی SOCAR کی سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تجاویز کا خیرمقدم کیا جو ٹرمینل اسٹیبلشمنٹ ،قلیل مدتی قرضوں اور موخر ادائیگی کی صورت میں ہیں۔ ملک کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کے پیش نظر اس طرز کی سرمایہ کاری اور شراکت داری ایک زبردست موقع ہے۔