ملتان (سپورٹس ڈیسک )سری لنکن کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف وائٹ بال میچز پر مشتمل سیریز کے لیے سابق فاسٹ بولر لاستھ ملنگا کو بولنگ کوچ نامزد کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سری لنکن بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق فاسٹ بولر ملنگا آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں لنکن ٹیم کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جاسکے۔بورڈ کا کہنا ہے کہ لاستھ ملنگا کے وسیع تجربے اور ٹی20 فارمیٹ کے دوران ڈیتھ اوورز میں بالنگ کی مہارت سے نوجوان کرکٹرز کو فائدہ ہوگا۔سابق سری لنکن فاسٹ بولر ملنگا نے حال ہی میں ختم ہونے والی انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں راجستھان رائلز کے فاسٹ باؤلنگ کوچ کے طور پر خدمات انجام دی تھیں، رائلز کی ٹیم نے فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔آسٹریلوی ٹیم سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور 3 ٹی20 انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کیلئے آئی لینڈرز کے ملک جائے گی۔ دونوں ممالک کے درمیان کا سیریز کا آغاز 7 جون کو ٹی20 فارمیٹ سے ہوگا۔واضح رہے کہ لاستھ ملنگا نے سال 2021 میں تمام فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔