کوئٹہ(اے پی پی ) سیکرٹری مواصلات و تعمیرات روشن علی شیخ نے کہا کہ سول سنڈیمن ہسپتال کی مخدوش عمارتوں کو مرحلہ وار منہدم کرکے نئی عمارتیں تعمیر کی جائیں گی اور سول ہسپتال کی پرانی رہائشی کالونی کی جگہ نئے فلیٹس تعمیر کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز سول سنڈیمن ہسپتال کوئٹہ کے دورے کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سول سنڈیمن ہسپتال ڈاکٹر امین خان مندوخیل نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو تفصیلی بریفنگ دی سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو نے سول ہسپتال کوئٹہ میں زیر تعمیر ریمپ ، گائنی وارڈ ، نرسنگ ہاسٹل ، شعبہ حادثات کا دورہ کیا اور محکمہ سی اینڈڈبلیو کے افسروں کو ہدایت کی کہ سول سنڈیمن ہسپتال کی نئی عمارات کی تعمیر سمیت تمام بلڈنگز کی تزئین و آرائش کا کام میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی معاونت و مشورے سے پایا تکمیل تک پہنچایا جائے۔