لاہور (خصوصی نامہ نگار)جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت غربت نہیں غریب مکاؤ مہم میں لگی ہے۔ ہر حکومت ریلیف کی بجائے مہنگائی کا طوفان کھڑا کر کے غریب دشمن بن چکی ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور مہنگائی کے خاتمے کیلئے فوری اقدام اٹھائیں۔ یہ وطن عزیز پاکستان ہم نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں اور ماؤں بیٹیوں کی عزتیں قربان کرکے حاصل کیا ہے اور اس اس کی حفاظت بھی جانوں کے نذرانے دیکر کریں گے۔ جامع القدس چوک دالگراں میں گزشتہ روزکہا ہے کہ اس ارض پاک کو تقسیم کرنے کی باتیں کرنے والے اقتدار چھن جانے کے بعد اندھے ہو چکے ہیں۔ یہ ملک لا الہ الا اللہ کے نام پر حاصل کیا جانے والا اسلامی جمہوریہ پاکستان تاقیامت قائم ودائم رہیگا۔ حکمران اگر مہنگائی کنٹرول کرنا چاہتے ہیں تو سودی نظام سے جان چھڑائیں۔پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ناپاک عزائم رکھنے والے چند لوگوں کی خاطر امت مسلمہ کے قاتلوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنا عالم اسلام کے ساتھ غداری ہے۔ اسرائیل ایک ناجائز اور قابض حکومت ہے ایسی حکومت کو تسلیم کرنا مسلمہ بین الاقوامی اصولوں کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔