انڈسٹریل انجینئرنگ کی تین روزہ نمائش 30اگست کوہوگی

 کراچی ( کامرس رپورٹر ) انڈسٹریل انجینئرنگ اینڈ الیکٹرانکس انڈسٹری کی سب سے بڑی اور اہم نمائش آئی ای ای ای پی فیئر 2022 کراچی ایکسپو سینٹر میں 30 اگست سے شروع ہوگی۔ تین روزہ نمائش کی تعارفی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین نجیب ہارون تقریب نے 30اگست تا یکم ستمبر تک نمائش کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کیا۔ آئی ای ای ای پی فیئر میں انجینئرنگ کے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی اور نئے رجحانات اجاگر کرنے کے ساتھ توانائی کی قلت اور مہنگی بجلی کے چیلنج سے نمٹنے میں مدد دینے والے جدید اور سستے سلوشنز بھی پیش کیے جائیں گے۔تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نجیب ہارون نے کہا کہ انجینئرز متعدد صنعتوں کو متحرک رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں اور اس طرز کی نمائشوں سے مستقبل کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دینے میں مدد ملیگی۔نجیب ہارون نے آئی ای ای ای پی فیئر کے انعقاد میں پاکستان انجینئرنگ کونسل کی مکمل سپورٹ اور معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے ایونٹ کو پاکستان میں انجینئرنگ کے شعبہ کو فروغ دینے کا اہم ذریعہ قرار دیا۔اس موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹریکل اینڈ الیکٹرانکس انجینئرز آف پاکستان (آئی ای ای ای پی) خالد پرویز نے کہا کہ نمائش الیکٹریکل انجینئرنگ ٹیکنالوجی میں ہونے والی تیزرفتار جدت کو سامنے لانے کا منفرد اور اپنی نوعیت کا واحد فورم ہے۔  نمائش میں ٹیکسٹائل، تعمیرات، آئی ٹی اور دیگر صنعتوں کے لیے عمومی اور مخصوص سلوشنز متعارف کرائے جائیں گے۔تقریب کے اعزازی مہمان آباد کے چیئرمین محسن شیخانی نے آئی ای ای ای پی  نمائش کے سلسلے کو جاری رکھنے اور بھرپور انعقاد پر آئی ای ای ای پی اور بی ایکس ایس ایس کو خراج  تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستان کے انجینئرنگ سیکٹر میں پائے جانے والے امکانات اور حقیقی مواقع موثر انداز میں اجاگر کرنے کا ذریعہ بنتی ہے۔ محسن شیخانی نے کہا کہ نمائش میں الیکٹریکل، الیکٹرانکس اور متعلقہ صنعتوں سمیت ملک کے انجینئرنگ سیکٹر کے رجحانات کی ایک چھت تلے نمائش ہوگی اور اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ نمائش تعمیراتی صنعت کو درپیش بہت سے مسائل کا بھی حل فراہم کریگی۔ اس موقع پر بیگ گروپ کے چیئرمین اختیار بیگ نے کہا کہ بجلی کی پیداوار اور سستی بجلی مہیا کرنے سے متعلق ملک کو درپیش توانائی کے بحران کے حل کے لیے توانائی کی بچت وقت کی ضرورت ہے۔تقریب کے اختتام میں بدر ایکسپو سلوشنز کے منیجنگ ڈائریکٹر ذوہیر نصیر نے نمائش کنندگان، اسپانسرز اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس ایسوسی ایشن ک یچیئرمین شیخ شفیق جھوک والا، انجینئرنگ احمد زبیر، انجینئر مونس صدیقی اور انتظامی کمیٹی کے رکن فیصل علی  نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ آئی ای ای ای پی فیئر ملک کی معروف ایونٹ منجمنٹ کمپنی بدر ایکسپو سلوشنز کے زیر انتظام منعقد کی جارہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن