لاہور (خصوصی نامہ نگار)مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام ہی انسانیت کے دکھوں کا مداوا ہے۔ سودی اور سرمایہ دارانہ نظام نے لوگوں کو بھوک اور غلامی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ آئی ایم ایف سودی قرضوں کے ذریعے مقروض ملکوں سے اپنے ناجائزمطالبات منوانے کیلئے عوام پر طرح طرح کے ٹیکسوں کی بھرمار کراتا ہے۔ ہمارے حکمران بھی آئی ایم ایف اور عالمی مالیاتی اداروں کے حکم کے سامنے سرتسلیم خم کیے ہوئے ہیں۔ پٹرول، ڈیزل، بجلی اور اشیا خوردونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے غریب کا جینا مشکل کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزکیا۔حافظ ادریس نے کہا کہ حکمران غربت نہیں بلکہ غریب مکائو پالیسی پر گامزن ہیں۔ حکومت پسے ہوئے طبقے کی چیخوں اور بددعائوں سے ڈریں۔ حکمران اسرائیل سے پینگیں نہ بڑھائیں۔ اسرائیل ایک ناجائز ریاست ہے اور اسے کبھی تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ صیہونی طاقت فلسطینیوں پر ظلم و ستم بند کرے۔ بھارت کشمیریوں پر طاقت اور تشدد کے ذریعے ان پر حکمرانی کر رہا ہے۔ کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد ان کا حق ہے۔ جماعت اسلامی کشمیر و فلسطین کی آزادی کیلئے ہر فورم پر اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔چہرے بدلنے سے نہیں نظام بدلنے سے تبدیلی آئے گی۔ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔