گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی)محکمہ تعلیم کی چشم پوشی اور ناقص پالیسیوں سے بیشتر پرائیویٹ سکولز مالکان نے بچوں کو فیس کے لالچ میں گرمیوں کی چھٹیاں نہ دیں، والدین سراپا احتجاج ، محکمہ تعلیم احکامات نہ ماننے والے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کیخلاف کارروائی سے قاصر ، تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے سخت گرمی کے باعث یکم جون سے پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح گوجرانوالہ میں بھی تعلیمی ادارے بند کرنے کا حکم جاری کر رکھا ہے ۔ پنجاب حکومت کی ہدایات پر سرکاری سکولز یکم جون سے بند کر دئیے گئے ہیں جبکہ 30فیصد پرائیویٹ سکولز بھی بند ہوچکے ہیں لیکن ضلع کے70فیصد پرائیویٹ سکولز مالکان کی جانب سے فیسوں کے لالچ میںتعلیمی ادارے بند نہیں کئے گئے ۔ تعلیمی اداروں کے مالکان کا کہنا ہے کہ 10جون تک فیسیں وصول کر کے چھٹیوں کا اعلان کریں گے ۔ اس طرح ہمیں فیس ملنا مشکل ہو جائے گا۔ دوسری طرف والدین نے شدید گرمی میں اپنے معصوم بچوں کو سکول بھیجنے سے انکار کردیا ہے والدین کا کہنا ہے کہ شدید گرمی میں بچوں کو سکول بھیجنا انتہائی مشکل ہے ۔ چھٹیاں نہ دینے والے تعلیمی اداروں کیخلاف چیف آفیسر محکمہ تعلیم کی طرف سے کارروائی نہ کرنا انتہائی افسوسناک ہے ۔