نیویارک (نوائے وقت رپورٹ) ہولی وڈ اداکارہ امبر ہرڈ کی وکیل ایلن بریڈی ہافٹ نے کہا ہے کہ ان کی موکلہ غریب ہیں، ان کے پاس اتنی رقم نہیں کہ وہ ہرجانے کی مد میں جونی ڈیپ کو تقریباً ڈیڑھ کروڑ ڈالر ادا کریں۔
امریکی عدالت نے ایک روز قبل جونی ڈیپ کی جانب سے دائرہ کردہ ہتک عزت کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے امبر ہرڈ کو سابق شوہر کو ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ ساتھ ہی عدالت نے امبر ہرڈ کی جانب سے دائرہ کردہ 10 کروڑ ہرجانے کے دعوے میں جونی ڈیپ کو بھی 20 لاکھ ڈالر ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا۔ دونوں کے درمیان گزشتہ تین سال سے قانونی جنگ جاری تھی، دونوں کے درمیان 2016 میں طلاق ہوگئی تھی۔ دوسری جانب شوبز ویب سائٹ ’اے ایس‘ نے متعدد ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ امبر ہرڈ نے 2013 سے اب تک مجموعی طور پر 20 کروڑ 60 لاکھ امریکی ڈالر کی کمائی کی۔