کراچی(اسپورٹس رپورٹر)بھارتی کھلاڑی وریندر سہواگ نے انکشاف کیا ہے کہ 2008ء میں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے میچز سے اْنہیں ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے نکالا تھا۔ وریندر سہواگ نے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ اْنہوں نے 2008 میں اچانک ون ڈے میچز سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیوں کیا تھا۔سہواگ کا بتانا ہے کہ ’2008ء میں ایم ایس دھونی کی جانب سے اْنہیں آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں پلئینگ الیون سے نکال دیا گیا تھا اور ڈراپ ہونے کی وجہ ہی سے اْن کے ذہن میں ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا خیال اْبھرا تھا۔ دو طرح کے کھلاڑی ہوتے ہیں، ایک وہ جو تبدیلیوں کو اپناتے ہیں جیسے کہ ویرات کوہلی جو تنقید بھی سْنتے ہیں اور کھیل میں اپنی پرفارمینس بھی بحال کرتے ہیں اور دوسرے وہ جو تنقید پر کان نہیں دھرتے اور صرف خود پر یقین رکھتے ہیں، میں دوسری طرح کے کھلاڑیوں میں سے ہوں، میں تنقید پر کان نہیں دھرتا کہ کون کیا بول رہا ہے یا کیا بولے گا۔سہواگ نے 2008ء میں آسٹریلیا میں کھیلے جانے والے ون ڈے، ریٹائرمنٹ کے اعلان اور ایم ایس دھونی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچز میں اچھا رن ریٹ بنایا جبکہ 2 سے 3 ون ڈے میچز کے دوران میں پرفارم نہیں کر سکا، یہی وجہ تھی کہ ایم ایس دھونی نے مجھے ون ڈے سے ڈراپ کر دیا تھا۔میرا ون ڈے سے ڈراپ ہونا ہی تھا کہ میرے ذہن میں ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا خیال آنے لگا اور میں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا اور سوچا کہ بس اب ٹیسٹ میچز ہی میں کھیلوں گا۔