اسلام آباد(خصوصی رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے سٹی کورٹ کراچی میں دو روز قبل پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ پر سخت مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف فوری کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے بصورت دیگر ملک بھر کے وکلا اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے،یاد رہے کہ دو روز قبل کراچی میں کار پارکنگ کے معاملے پر وکلاء اور سیکیورٹی گارڈ کے درمیان معمولی ہاتھا پائی ایک خوفناک لڑائی میں بدل گئی تھی ،پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین حفیظ الرحمن چوہدری اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پیر محمد مسعود چشتی کی جانب سے جمعہ کے روز جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ مذکورہ بدقسمت واقعہ میںعدالتی عملہ نے وکلا ئ پر پتھروں اور دیگر بھاری مواد سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کئی وکلا شدید زخمی ہوئے اور ان کی گاڑیوں اور دیگر قیمتی اشیا کو بری طرح نقصان پہنچا ہے ،پریس ریلیز کے مطابق سٹی کورٹس کراچی کے احاطے میں تعینات مقامی پولیس نے بھی صورتحال کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ڈسٹرکٹ جج کے حکم پر وکلائ پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کے شیلوں سے حملہ کیا ہے ، انہوں نے معاملے کو پرامن اور خوش اسلوبی سے حل کرنے پر زور دیتے ہوئے متاثرہ وکلا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دھانی کروائی ہے جبکہ اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اس واقعہ کے نتیجے میں زخمی ہونے والے وکلائ کے ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی،اگر حکومت کی جانب سے ملزمان کے خلاف فوری کارروائی نہ ہوکی گئی توملک بھر کے وکلا اپنا آئندہ کا لائحہ عمل طے کریں گے۔