سپر اسٹور میں  آگ بجھانے کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری 

Jun 04, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی کے علاقے جیل چورنگی پر واقع سپر اسٹور میں بدھ کی صبح ساڑھے دس بجے لگنے والی آگ بجھانے کا آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے اور الاعات کے مطابق اب کولنگ کا عمل جاری تاہم اب بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ آگ مکمل طور پر بجھائی جاچکی ہے۔ آگ بجھانے کے آپریشن کے دوران اب تک کئی لاکھ گیلن پانی کا استعمال کیا جا چکا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر فیروز آباد عاصمہ بتول کا کہنا ہے کہ کوکنگ آئل مہنگا ہونے پر بیسمنٹ میں ذخیرہ کیا گیا تھا، کوکنگ آئل کی وجہ سے آگ زیادہ پھیلی۔ اسسٹنٹ کمشنر عاصمہ بتول نے بتایا کہ آگ اب بھی مختلف حصوں میں لگی ہوئی ہے تاہم شدت کم ہے، آگ عمارت کے پارکنگ ایریا تک پہنچ گئی، پارکنگ ایریا میں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں موجود ہیں جبکہ تین موٹرسائیکلیں جل چکی ہیں۔ کوشش کر رہے ہیں گاڑیاں باہر نکال لی جائیں۔ عاصمہ بتول کے مطابق اس وقت رہائشی یا کسی بھی شخص کو عمارت کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ دوسری جانب واٹر بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اب تک 10 لاکھ گیلن سے زائد پانی فراہم کیا گیا ہے، آگ پر قابو پانے تک فائر بریگیڈ کو بلامعاوضہ پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کا مزید کہنا ہے کہ واٹر بورڈ کے چار مختلف ہائیڈرنٹس پر 3 دن سے مسلسل ایمرجنسی نافذ ہے۔

مزیدخبریں