لاہور‘ ملتان‘ پشاور (خبر نگار‘ نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)9 مئی کو توڑپھوڑ اور جلاﺅگھیرا میں ملوث ملزمان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق 9 اور 10 مئی کو پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان سمیت ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کو پناہ دینے والوں کے خلاف دفعہ 212 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا اور یہ فیصلہ ملزمان کی عدم گرفتاری کے پیش نظر کیا گیا ہے۔ ادھر ڈاکٹر یاسمین راشد کو بری کر دیا گیا ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈاکٹر یاسمین راشد کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے تھانہ سرور روڈ کے مقدمہ نمبر 96/23 سے ان کا نام خارج کرنے کا حکم دے دیا۔ پولیس نے عدالت کے حکم پر مقدمہ نمبر 96/23 سے ڈاکٹر یاسمین راشد کا نام نکال دیا۔ پولیس کی درخواست پر یاسمین راشد کو جیل سے طلب کر کے انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ دوسری طرف بورےوالا سے سابق صوبائی وزیر پیر غلام محی الدین چشتی‘ ملتان سے پی ٹی آئی ڈپٹی جنرل سیکرٹری عروج ممتاز‘ سابق رکن صوبائی اسمبلی واصف مظہر ‘ پی ٹی آئی کے پی پی218 سے سابق ممبر صوبائی اسمبلی واصف مظہر راں‘ گوجرانوالہ میں پی ٹی آئی کے دو قومی اور دو صوبائی اسمبلی کے امیدواروں نے پارٹی چھوڑ دی۔ چاروں رہنما¶ں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔ پارٹی چھوڑنے والو میں چودھری صدیق مہر‘ علی اشرف مغل‘ سرفراز مہر اور سردار حق نواز شامل ہیں۔ ادھر پولیس نے سابق صوبائی وزیر راجہ بشارت اور پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا کے گھروں پر گرفتاری کے لئے چھاپے مارے لیکن دونوں گھروں میں موجود نہیں تھے۔ تیمور سلیم جھگڑا نے بیان میں کہا کہ پولیس نے روایات سے ہٹ کر چھاپہ مارا ہے۔ لاہور میں جناح ہاﺅس میں جلاﺅگھیراﺅ کے الزام میں تحریک انصاف کی سابق رکن پنجاب اسمبلی فرحت فاروق کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق فرحت فاروق جیو فینسنگ کی سیریل نمبر 70 کی ملزمہ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کورکمانڈر کی وردی پہننے والے ملزم کے ساتھ سیلفی لینے والے شخص کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ اویس مشتاق جیو فینسنگ کی سیریل نمبر 27 کا ملزم ہے۔گرفتاری کے بعد پولیس نے قتل اور اقدام قتل کے مقدمے میں نامزد پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی محمود جان کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کر دیا، جہاں عدالت نے ملزم کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ ادھر خیبر پی کے پولیس نے پی ٹی آئی رہنما مراد سعید کی گرفتاری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مطلوب ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔