لاہورکراچی (این این آئی+سٹاف رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان مسلم لیگ (ق) سندھ کے صدر محمد طارق حسن نے ملاقات کی، اس موقع پر آصف علی زرداری نے کہا کہ ملک کے لئے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے عزم کیا ہے کہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ ملک کی خاطر محب وطن جماعتوں سے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ جس کو مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر طارق حسن نے کہا کہ آپکی مثبت سوچ اور کاوشوں سے ملک ترقی کی جانب گامزن ہو گا اور چوہدری شجاعت آپ کی جدوجہد سے ہی ملک کی معیشت بہت جلد بہتر ہو جائے گی۔ ادھر سابق صدر آصف علی زرداری پنجاب کے سیاسی محاذ پر سرگرم ہیں آصف علی زرداری سے 25 سیاسی رہنما¶ں نے ملاقات کی اور پی پی میں شمولیت اختیار کر لی ۔آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے عہدیداروں نے بلاول ہا¶س میں ملاقات کی۔ تنظیمی و سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ملاقات کرنے والوں میں پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے رہنما رانا فاروق سعید، حسن مرتضیٰ فیصل میر، شہزاد سعید چیمہ، ثمینہ گھر کی اور دیگر شامل تھے رانا فاروق سعید نے پیپلز پارٹی شمولیت کرنے کیلئے تیار 30 رہنما¶ں کی لسٹ آصف علی زرداری کو پیش کی۔ پی پی میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان میں خرم لغاری‘ ہارون بخاری‘ فریحہ بتول‘ مزمل نیازی‘ امجد نیازی‘ ایاز خان‘ ملک ساجد‘ سلیم بلوچ‘ اصغر جٹ‘ عبدالحمید بھٹی‘ عبدالغفور‘ میاں علمدار‘ اﷲ وسایا شامل ہیں۔