ڈرائیونگ لائسنس کیلئے کسی ضلع، صوبے یا برادری کی کوئی قید نہیں:آئی جی 

Jun 04, 2023


لاہور(نامہ نگار)آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا پاکستان بھر کے شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس کی سہولت کےلئے انقلابی اقدام سامنے آیا ہے جس کے تحت اب قومی شناختی کارڈ رکھنے والا ہر شہری پنجاب کے کسی بھی ضلع سے ڈرائیونگ لائسنس بنوا سکتاہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کی ہدایت پر ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب مرزا فاران بیگ نے صوبہ بھر کے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب سے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کیلئے کسی ضلع، صوبے یا برادری کی کوئی قید نہیں۔پنجاب پولیس کے ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز بڑے شہروں میں 24/7، چھوٹے اضلاع میں ہفتے میں 6 دن ڈبل شفٹ میں خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ گریٹر اقبال پارک اور اقبال ٹاو¿ن ڈرائیونگ لائسنسنگ سنٹرز میں 24/7 لائسنسنگ کی سہولت کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ 24/7 اور ڈبل سسٹم کے ذریعے ماضی کی نسبت دگنی تعداد میں شہریوں کے ڈرائیونگ لائسنس بنا رہے ہیں۔ہفتے میں سات دن اور 24 گھنٹے اس سہولت کی فراہمی کے بعد اب شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کےلئے کسی بھی سفارش، رشوت یا جان پہچان کی ضرورت نہیں، فائل سسٹم ختم کردیا گیا ہے جبکہ 24/7 سسٹم کے حوالے سے شہری 1787 پر شکایت درج کروائیں ہم جواب دیں گے۔پنجاب پولیس پاکستانی شہریوں کےلئے 24/7 ڈرائیونگ لائسنسنگ کی بلا تعطل سہولت کو مزید بہتر بنائےگی۔

مزیدخبریں