لاہور(کلچرل رپورٹر) پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام لاہور آرٹس کونسل الحمراءکے تعاون سے 2روزہ ”لاہور صوفی فیسٹیول“کا آغا ز ہو گیا۔ فیسٹیول کا آغاز صوفی کانفرنس بعنوان”پنجابی صوفی فکر دی اج نال جڑت“سے ہوا۔ نشست کو افضل ساحر ماڈریٹ کیا جبکہ پینلسٹ میں پروین ملک، ڈاکٹر تیمور رحمان، نین سکھ، خالد محمود،اقبال قیصر، یوساف پنجاب اور عامر ریاض شامل تھے۔ نشست میں شامل مندوبین اپنی گفتگو کرتے ہوئے کہا تصوف معاشرہ کے منفی رجحانات پر قابو پانے کا اہم ذریعہ ہے۔ اس سے سماج میں رواداری و برداشت کے جذبات پروان چڑھتے ہیں جس کی آج کے سماج کو بے پناہ ضرورت ہے۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محبوب عالم چوہدری نے فیسٹیول کے مندوبین کو شال پہنائی اور انکا پرتپاک استقبال کیا۔ ایگزیکٹوڈائریکٹر الحمراءمحمد سلیم ساگر نے اس حوالے سے اپنے تاثرا ت میں کہا کہ الحمراءمیں فیسٹیول کے شرکاءکو ادب دوست ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ آج صوفی فیسٹیول کے دوسرے اور آخری روز صوفی کانفرنس کا آغاز ”تصوف کا مفہوم اور لمحہ موجود کے تناظر میں اسکی اہمیت“ میں نامور سکالر بابا عرفان الحق، ڈاکٹر معین نظامی، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی،پیر سید عبد المجید محبوب اور ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اظہار خیال کریں گے جبکہ اس نشست کو ڈاکٹر فاطمہ ماڈریٹ کریں گی۔لاہور صوفی فیسٹیول میں عظیم الشان بک فیئر کا بھی اہتمام کیا گیا۔