پشاور: صوبہ خیبرپختونخوا کے محکمہ لائیو اسٹاک نے عیدالاضحٰی کی آمد کے پیش نظر مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔صوبائی محکمہ لائیو اسٹاک نے اس ضمن میں تمام اضلاع کو مراسلہ بھیج دیا ہے جس میں واضح طورپر کہا گیا ہے کہ مویشیوں کی منتقلی سے بڑے پیمانے پر وبا پھیلنے کے امکانات ہیں۔اضلاع کو بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ممکنہ کانگو اور لمپی وائرس کی روک تھام کے لیے سفارشات پر سختی سے عمل کیا جائے. قبائلی اضلاع میں چیک پوسٹوں کو مویشیوں کے لیے اضافی اسپرے کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔صوبائی محکمۂ لائیو اسٹاک نے بھیجے جانے والے مراسلے میں کہا ہے کہ شمالی وزیرستان اور تمام سب ڈویژنز میں چیک پوسٹوں پر عملہ تعینات کیا جائے کیونکہ مویشیوں سے پھیلنے والی بیماریاں صحت عامہ کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ڈائریکٹر محکمہ لائیواسٹاک عالم زیب خان نے اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اب تک لمپی اسکن وائرس کی 83 ہزار ویکیسن ڈوزز خریدی گئی ہیں. مزید ویکسین خریدنے کے لیے محکمۂ خزانہ سے فنڈز مانگے ہیں۔عالم زیب خان نے کہا ہے کہ گزشتہ سال صوبہ خیبر پختون خوا میں لمپی اسکن وائرس سے 7 ہزار مویشی مر گئے تھے جب کہ 1 لاکھ 8 ہزار مویشی متاثر ہوئے تھے۔
عیدالاضحیٰ کی آمد، مویشیوں میں کانگو اور لمپی اسکن وائرس پھیلنے کا خدشہ
Jun 04, 2023 | 19:11