39فلسطینی شہید ،14اسرائیلی فوجی زخمی : جبالیہ ، بیت حیون آفت ذ دہ قرار 

Jun 04, 2024

غزہ‘ تل ابیب، دمشق (نوائے وقت رپورٹ+  آئی این پی) اسرائیلی فوج  نے رات گئے غزہ میں مختلف پناہ گزین کیمپوں پر حملے کیے جن میں مزید 39 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق رات گئے قابض اسرائیلی فوج نے  غزہ  کے خان یونس شہر اور رفح میں گھروں پر حملے کرکے خواتین اور بچوں سمیت 12افراد کو شہید کیا۔ رپورٹ کے مطابق خان یونس شہر  کے مشرقی حصے میں صیہونی فوج نے پناہ گزین کیمپ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 10افراد شہید ہوئے۔  عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح شہر کے مختلف علاقوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں جانی نقصان کی اطلاع ہے۔ اسرائیل نے رات گئے ہی نصیرت اور البریج پناہ گزین کیمپوں پر بھی حملے کیے جس کے نتیجے میں 10افراد شہید ہوئے۔ دوسری جانب  وزیراعظم نیتن یاہو کے ایک معاون نے تصدیق کی کہ جنگی کابینہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے پیش کیے گئے امریکا کے سہ نکاتی تجاویز کو قبول کرلیا۔ اسرائیلی فوج نے مظاہرے سے گرفتار 2 فلسطینی رہا کر دیئے۔ غزہ میں 24 گھنٹے میں مزید 14 صیہونی فوجی زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی حملوں کے بعد جبالیہ کیمپ اور بیت حنون کے شہروں کو ’’آفت زدہ‘‘ قرار دیدیا گیا۔ اسرائیل نے امداد کی ترسیل بھی روک دی۔ غزہ حکومت کے مطابق 350 سے زائد بچوں کا بھوک سے مرنے کا خطرہ ہے۔ دریں اثناء شام کے شہر حلب میں اسرائیلی فوج نے فضائی حملہ کیا ہے۔ شامی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملے میں ایک گروپ کے 16 افراد مارے گئے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شامی وزارت دفاع نے حلب میں اسرائیلی فضائی حملے کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کے ایڈوائزر شام میں اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہوئے ہیں۔ اسرائیلی حملے میں حلب کے مغربی علاقے میں ایک فیکٹری کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والوں میں شامی اور غیر ملکی جنگجو شامل ہیں۔   

مزیدخبریں