مہنگائی29ماہ کی کم سطح ُپر آگئی :خان کے بغیر پاکستان نہیں کہنے والے دوسرے ملک جائیں : عطاتارڑ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا، وزیراعظم شہباز شریف نے بڑی کاوشوں سے معیشت کو سنبھالا دیا، توقع کے برعکس مئی میں مہنگائی11 فیصد پر آ گئی ہے، معیشت درست ٹریک پر گامزن ہو چکی ہے، عام آدمی کو ریلیف پہنچانے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، ملک کو ڈیفالٹ کرنے کی باتیں کرنے والوں کو مضبوط معیشت برداشت نہیں ہو رہی، پی ٹی آئی کی پوری جماعت میں قول و فعل کا تضاد ہے۔ پیر کو ماڈل ٹائون لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے، ہماری حکومت آنے سے ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے اور معیشت سے متعلق اچھی خبریں آنا شروع ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معیشت صحیح سمت میں جا رہی ہے، ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے بہتر اقدامات کی بدولت مہنگائی میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے اور توقع کے برعکس مئی میں مہنگائی11 فیصد پر آ گئی ہے، عالمی مالیاتی اداروں نے بھی معیشت کی بہتری کے لئے کئے گئے حکومتی اقدامات کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک، ورلڈ بینک سمیت دیگر مالیاتی ادارے ہمارے اقدامات کی تعریف کر رہے ہیں، ملک میں کاروبار بحال ہو رہا ہے اور بیرونی سرمایہ کاری پاکستان آ رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو ایکسچینج ریٹ مستحکم نہیں تھا، پی ٹی آئی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا، معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی تھی، ہم نے اخراجات کم کئے، سرمایہ کاری کو فروغ دیا، ملک کو دوبارہ معاشی ٹریک پر گامزن کیا، 29 ماہ میں کم ترین سطح پر مہنگائی پہنچ چکی ہے جبکہ سٹاک ایکسچینج تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ہمیں سخت فیصلے بھی کرنے پڑے تاہم اب ہم مشکل حالات سے نکل آئے ہیں، آنے والے وقت میں عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی۔ بجٹ کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، وزیراعظم کی ترجیح ہے کہ کم آمدن والے طبقہ پر کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔ وزیراعظم کا دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل اور ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ اس حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں، وزیراعظم کی چین کے صدر سے بھی ملاقات ہوگی جبکہ شین ژن میں بزنس کونسل کا بھی انعقاد کیا جا رہا ہے جس کیلئے پاکستان سے کاروباری وفد بھی چین روانہ ہو رہا ہے، وفد چین میں بزنس ٹو بزنس معاہدوں کو حتمی شکل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار 100 اہم کاروباری شخصیات بھی چین روانہ ہو رہی ہیں، وزیراعظم کے دورہ چین کے مثبت نتائج مرتب ہوں گے۔ ملک کے اندر سرمایہ کاری اور کاروباری افراد کے لئے ماحول سازگار ہے۔ چائنیز شہریوں کی سکیورٹی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ’’خان نہیں تو پاکستان نہیں‘‘ کہنے والے کسی اور ملک چلے جائیں، نوازشریف نے کبھی ملک توڑنے کی بات نہیں کی۔

ای پیپر دی نیشن