نیویارک (نیٹ نیوز) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔ قبل ازیں مینز ٹی20 ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں نمیبیا نے عمان کو سپراوور میں 11 رنز سے شکست دی۔نیو یارک میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 78 رنز کا آسان ہدف دیا تھا جو جنوبی افریقہ نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 16.2 اوورز میں بنالیا۔جنوبی افریقہ کی طرف سے کوئنٹن ڈی کوک 20، ہینرچ کلاسن 19، ایڈن مارکرم 12، ٹریسٹن سٹبس 13 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈیوڈ ملر نے 6 اور ریزا ہینڈریکس نے 4 رنز بنائے۔سری لنکا کی طرف سے ونندو ہاسارنگا نے 2، نووان توشارا اور داسن شناکا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ سری لنکن ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 77 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔جنوبی افریقہ کے آنرک نوکیے نے 4 اوورز میں 7 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔ برج ٹاؤن کے کینسنگٹن اوول میں نمیبیا اور عمان کے درمیان کھیلا جانے والا مینز ٹی20 ورلڈکپ کا تیسرا میچ دلچسپ مقابلے کے بعد ٹائی ہو گیا تاہم میچ کا فیصلہ سپراوور میں ہوا، نمیبیا نے عمان کو 22 رنز کا ہدف دیا جبکہ عمان کی ٹیم ایک اوور میں 10 بنا سکی۔ عمان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نمیبیا کو 110 رنز کا ہدف دیا جبکہ ہدف کے تعاقب میں نمیبیا مقررہ اوورز 109 رنز بنا سکی اور میچ ٹائی ہو گیا۔