گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا یتیم بچوں کو عید پر بکرے دینے کا اعلان

Jun 04, 2024 | 10:23

 گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جو بچے یتیم ہیں یا ان کے سر پرست ڈکیتی کی واردات کا شکار ہوگئے ہیں ان کے لیے گورنر ہاؤس کی جانب سے بکرا دیا جائے گا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سہراب گوٹھ پر فلاحی ادارے کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا اور اس دوران فلاحی ادارے کو اجتماعی قربانی کے لیے 2 اونٹ دینے کا اعلان کیا۔میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کامران ٹیسوری نے کہا کہ شہر میں جو بچے یتیم ہیں یا ان کے سر پرست ڈکیتی کی واردات کا شکار ہوگئے ہیں، ان کے لیے گورنر ہاؤس کی جانب سے بکرا دیا جائے گا،  بچوں کو بکرے دینے کا سلسلہ عید کے 3 دن پہلے شروع کیا جائے گا جب کہ اس بار بھی گورنر ہاؤس میں عید کے تینوں دن 100 اونٹ قربان کیے جائیں گے، ان کا گوشت مستحق اور یتیموں میں بانٹا جائے گا۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کل چین جارہے ہیں میں ان کے لیے دعا گو ہوں، ان کا دورہ کامیاب ہو، تاکہ چین کی سرمایہ کاری آئے اور ملک خوشحال ہو، ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری آرہی ہے اور سرمایہ کار بھی ملک کا رخ کررہے ہیں۔کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے حوالے سے کئی ماہ سے چیخ رہا ہوں، آئی جی سندھ اور وزیر داخلہ سے کئی دفعہ بات ہوئی ہے، حالات جلد بہتری کی طرف آرہے ہیں،   آئی جی سندھ اور وزیر داخلہ سے کہوں گا کہ جو لوگ منڈی جا رہے ہیں ان کے جان و مال کا تحفظ کیا جائے، منڈی جانے والے راستوں پر اسپیشل ٹاسک فورس لگائی جائے، اس پر ایکشن لیں اور اقدامات کریں تاکہ کوئی ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے جس سے شہریوں کی عید ماتم میں بدل جائے۔

مزیدخبریں