لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس لائنز قلعہ گجر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاہور پولیس اپنی کارکردگی کی بناء پر ایک ماڈل فورس کے طور پر سامنے آئی ہے۔یہ بات نہایت اطمینان بخش ہے کہ 15کرائم کالزڈیٹاکے مطابق صوبائی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔ لاہور پولیس کی موثر حکمت عملی کی بدولت ماہ مئی میں کرائم برخلا ف پراپرٹی میں 56فیصداور نقب زنی کے واقعات میں 64فیصد کمی آئی۔اسی طرح ڈکیتی کے واقعات میں 56فیصداور وہیکل چوری کے واقعات میں 51فیصدکمی واقع ہوئی ہے جبکہ وہیکل سنیچنگ کی وارداتوں میں 57فیصد جبکہ رابری و سنیچنگ کے واقعات میں 58 فیصد کمی آئی ہے۔ڈکیتی، چوری اور راہزنی کی وارداتوں میں ملوث عادی و پیشہ ور مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ لاہور پولیس منشیات، ناجائز اسلحہ اور سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور منظم کرائم میں ملوث خطرناک گروہوں کے اڈوں پر ریڈز اورکارروائیاں جاری ہیں۔پر امن اور محفوظ لاہورکے پیچھے پولیس کی دن رات محنت اور قربانیاں کار فرما ہیں اورامن عامہ کے حوالے سے لاہور پولیس کی مجموعی کارکردگی بہترین رہی ہے۔