پی پی ‘ متحدہ نے کراچی برباد کیا‘ مقدمہ پورے ملک میں لڑیں گے: حافظ نعیم

Jun 04, 2024

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گلشن اقبال کراچی میں بائیک چھیننے پر مزاحمت کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق نوجوان انجینئر حافظ اتقا معین کی رہائش گاہ جا کر ان کے بھائی عمر معین، عثمان معین،عباد معین اور نافع معین و دیگر اہل خانہ سے ملاقات و تعزیت کی۔سندھ حکومت و پولیس کی نا اہلی و ناقص کارکردگی کی شدید مذمت کی۔ملاقات میں امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی، ٹائون چیئرمین گلشن و سکرٹری ضلع ڈاکٹر فواد، وائس ٹائون چیئرمین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی نعیم اختر ودیگر بھی موجود تھے۔ بعد ازاں حافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی 16 سال سے مسلسل سندھ میں حکومت کررہی ہے لیکن اس نے کراچی کے لیے اور عوام کے تحفظ کے لیے کچھ نہیں کیا۔ ہم حافظ انجینئر اتقا معین کے گھر والوں سے تعزیت اور شہریوں سے اپیل کرتے ہیں کہ جان و مال کے تحفظ کے لیے باہر نکلیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ جماعت اسلامی آئندہ کا جو بھی لائحہ عمل طے کرے شہری اس کا حصہ بنیں۔ جماعت اسلامی اہل کراچی کا مقدمہ پورے ملک میں لڑے گی۔ کراچی کی تباہی کی ذمہ دار پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم ہیں جو 40سال سے شہر پر راج کر رہی ہیں، سندھ حکومت اور پولیس نے عوام کو ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ صرف گزشتہ 5ماہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 78شہری اپنی زندگی کی بازی ہار گئے، جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو منظم، متحرک اور متحد کرے گی اور عید الاضحیٰ کے بعد ایک بڑی تحریک شروع کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے دورے کے موقع پر اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجٹ بن رہا ہے،امریکہ کے کہنے پر خارجہ پالیسی بن رہی ہے، بھارت سے دوستی، افغانستان سے دشمنی ، چین سے دوری اور سی پیک و پاک ایران گیس لائن میں تعطل ملک اور قوم کے مفاد میں نہیں ہے۔ افغانستان کی زمین اگر دہشت گردی کے لیے استعمال ہورہی ہے تو یہ بھی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوسکتا، یہ مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہوں گے۔ 40 سال سے پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم اس شہر پر راج کر رہی ہیں، شہر برباد کر دیا۔ انہوں نے ہی بھتہ خوری اور دہشت گردی کا کلچر فروغ دیا ہے۔

مزیدخبریں