سری لنکا میںسیلاب نے تباہی مچادی نطام زندگی درہم برہم 14افراد ہلاک 

Jun 04, 2024

 کولمبو (نوائے وقت رپورٹ) سری لنکا میں ہونے والی شدید بارشوں نے سیلاب کی صورت اختیار کرلی جس کے دوران مٹی کے تودے اور درخت گرنے کے واقعات میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکا کے جزائر میں مون سون کی بارشوں اور طوفانوں نے تباہی مچادی۔ 25 میں سے 20 اضلاع میں نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔وائلڈ لائف حکام کو نوجوان ہاتھیوں کی 7 لاشیں ملی ہیں جو سیلاب میں بہہ گئے تھے۔ یہ گزشتہ 5 برسوں میں ہاتھیوں کے کسی حادثے یا ناگہانی آفت میں مارے جانے کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔دارالحکومت کولمبو کے نزدیک ایک ہی خاندان کے 3 افراد سیلاب میں ڈوب کر ہلاک ہو گئے جب کہ 9 افراد درختوں کے گرنے سے کچلے گئے۔اسی طرح مٹی کا تودہ گرنے سے ملبے میں متعدد افراد دب گئے جن میں سے 11 سالہ لڑکی اور 20 سالہ لڑکا ہلاک ہوگئے۔کولمبو کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر آنے والی پروازوں کو ایک دوسرے ہوائی اڈے کی طرف بھیجا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ چند روز تک گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کی پیش گوئی کے بعد حکومت نے تمام اسکولوں کو بند رکھنے کا حکم دیا ہے۔

مزیدخبریں