گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی محتسب پاکستان اعجاز احمد قریشی نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس گوجرانوالہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کے ایڈوائزر (انچارج) میاں محمد شفیع اور دیگر افسران سے ملاقات کی، جہاں ان کو آفس کی کارکردگی کے بارے میں مکمل اور تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے بعد انہوں نے مختلف وفاقی محکموں جن میں سوئی گیس، گیپکو، نادرا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، پوسٹل لائف انشورنس، سٹیٹ لائف، یوٹیلٹی سٹور کارپوریشن، ای او بی آئی اور دیگر ادارے شامل ہیں ان کے سربراہان کے اجلاس کی صدارت کی۔ وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے گوجرانوالہ آفس اور تمام محکموں کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ اس آفس سے کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی اور یہاں محکموں اور آفس کے درمیان اچھی ہم آہنگی ہے۔ وفاقی محتسب نے ان خیالات کا اظہار علاقائی دفتر میں اپنے ادارے کے افسروں کے ساتھ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ اس ادارے میں تمام ایڈوائزرز کو ان کی قابلیت اور تجربہ دیکھ کر رکھا جاتا ہے اور یہ ایڈوائزرز وہ ہوتے ہیں جو کسی ادارے کے سربراہ رہ چکے ہوں، ویسے تو تمام ادارے اچھا کام کر رہے ہیں لیکن اس ادارے میں لوگوں کو مفت، فوری اور ان کی دہلیز پر انصاف ملتا ہے، لوگوں کا اس ادارے پر یقین بڑھا ہے اور اسی وجہ سے ہر سال پچھلے سال کی نسبت شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔