دن بھر شدید گرمی رات آندسی ، بارش: دیوایں ، چھت گرنے سے، ایک خاندان کے 3بچوں سمیت 5جاں بحق

Jun 04, 2024

اسلام آباد+ لاہور+ قصور (نوائے وقت رپورٹ + نمائندہ نوائے وقت ) دن بھر شدید گرمی کے بعد مختلف شہروں میں بارش ہو گئی۔ جبکہ قصور میں چھت اور دیوار گرنے کے واقعات میں ایک ہی خاندان کے تین بچوں سمیت 4 جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور‘ اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش ہوئی۔ پنجاب کے شہروں میں بارش سے گرمی میں کمی آ گئی۔ لاہور میں آندھی سے لیسکو کا سسٹم متاثر ہوا‘ 322 فیڈر ٹرپ کر گئے۔ بنوں ‘ اورکزئی‘ پارا چنار‘ کرک‘ نکیال‘ کوٹلی‘ بھمبر‘ سماہنی میں آندھی کے ساتھ شدید بارش ہوئی۔ دریں اثناء قصور کے نواحی گائوں رنگ پور میں پینتیس سالہ نسرین بی بی اپنی تین سالہ بیٹی ام ارباب کے ساتھ بیٹھی تھی کہ تیز آندھی کی وجہ سے دیوار ان کے اوپر آ گری۔ ملبے تلے دب کر تین سالہ بچی جاں بحق اور ماں زخمی ہو گئی۔ حویلی پھاڑیاں والی میں آندھی کے باعث گھر کی چھت گرنے سے تین کم سن بچے جاں بحق اور دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ پینتیس سالہ وارث مسیح فیملی کے ساتھ گھر میں  موجود تھا کہ تیز آندھی کے باعث گھر کی چھت گر گئی جس کے نتیجہ میں ملبے تلے دب کر 2  سالہ نعمان‘ 9 سالہ صفیہ اور  11سالہ سویرا ہلاک ہو گئے  جبکہ 5 سالہ سیماں‘ 30 سالہ یعقوب اور پینس، سالہ وارث مسیح شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔ دریں اثناء کوٹ عبدالمالک میں آندھی سے زیرتعمیر مکان کی دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ گلبرگ لبرٹی مارکیٹ میں تیز ہواؤں کے باعث درخت گرنے سے دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے۔

مزیدخبریں