لاہور (خبر نگار) لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس فاروق حیدر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پنجاب کابینہ کا بانی پی ٹی آئی اور رہنماؤں کو کیسوں میں نامزد کرنے کی منظوری کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سرکاری وکیل کو 10 جون کو جواب داخل کرانے کا حکم دے دیا۔ بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا کہ پنجاب کابینہ نے 24 مئی کو پی ٹی آئی لیڈرز کو مزید کیسوںمیں نامزد کرنے کی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے زیر صدارت اجلاس میں لیڈروں کو کیسوں میں نامزد کرنے کا فیصلہ کیا۔ وفاق اور صوبے میں ن لیگ کی حکومت قائم ہے، حکومت ملک میں معاشی استحکام لانے میں ناکام رہی ہے۔ سیاسی انتقام اور غلط پالیسیوں کے باعث ملک معاشی تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ ایسے حالات میں پنجاب کابینہ کا بے بنیاد فیصلہ مزید خرابی ہو گی۔ استدعا ہے کہ پنجاب کابینہ کے 24 مئی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔