اسلام آباد(خبر نگار)الخدمت فانڈیشن پاکستان کے ادارے آغوش کالج مری میں ''انٹر ہائوس کیلی گرافی مقابلے'' کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر طلبا میں فن خطاطی کا مقابلہ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر پرنسپل آغوش کالج مری، وائس پرنسپل، اور معروف کیلی گرافر مشعل عباسی اور دیگر بھی موجود تھے۔اس موقع پر طلبا و مہمانان سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل آغوش کالج مری محمد اعظم نے کہا کہ فن خطاطی ایسا ہنر ہے جو دنیا کے ہر گوشے اور ہر زبان میں پایا جاتا ہے۔ اسلامی خطاطی نے بھی ایک تاریخ رقم کی ہے جس کا قرآن سے بڑا گہرا تعلق ہے۔ اس سلسلے میں طلبہ میں اس فن کے فروغ کے لیے ''انٹر ہاس کیلی گرافی مقابلے'' کا انعقاد کیا گیا ہے۔ مقابلے میں ہر ہاس سے 8 طلبہ پر مشتمل ٹیم نے شرکت کی جبکہ ٹیم میں ہر کلاس کی نمائندگی موجود تھی۔ مقابلے کے لئے بچوں کو قرآن مجید کی آیت اور چارٹ کی تزئین و آرائش کے لیے حریت فلسطین بطور پس منظر استعمال کرنا تھا۔ نامور کیلی گرافر مشعل عباسی نے بطور جج اور مہمان خصوصی اس مقابلے میں شرکت کی اور طلبہ کی صلاحیتوں کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی۔ مقابلے میں ٹیپو ہاس نے پہلی جبکہ جناح ہاس نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔