اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مرکزی تنظیم تاجران پاکستان محمد کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ نام کی تاجر دوست اسکیم درحقیقت تجارت دشمن اسکیم ہے جو تاجروں کے حقوق پر شپ خون مارنے کے مترادف ہے ،حکومتی دعوں کے مطابق اگر اسکیم صاف و شفاف ھے تو کیوں مختلف کیٹگری کے تاجروں پر لگائے جانے والے ٹیکسز کو واضح نہیں کیا جا رہا ۔ یہ کیسی اسکیم ھے کہ رجسٹریشن پہلے کروائیں اور ٹیکس کی شرح بعد میں بتائی جائے گی ،اسکیم میں رجسٹریشن کروانے کی ترغیب دینے والے تاجروں کے دوست نہیں،حکومتی مراعات اور وسائل استعمال کرتے ہوئے تاجروں کو گمراہ کرنے کی کوشش کرنے والے تاجروں کے نمائندے نہیں بلکہ ذاتی مفادات کی تکمیل اور ایف بی آر کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں۔درحقیقت اس اسکیم کے تحت 1200 روپے سالانہ ٹیکس کا جھانسہ دے کر تاجروں پر لاکھوں روپے ظالمانہ ٹیکسز لگانے کا پھندا تیار کیا گیا ہے اور یہ تاجر دوست اسکیم میں رجسٹرڈ ہونے والے تاجروں سے کاروبار کرنے کی جگہ کی جائیداد ویلیو کے مطابق کرایہ تصور کر کے اسکے مطابق ایڈوانس انکم ٹیکس وصول کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ہم تاجروں کو ایسی اسکیم کے ذریعے لوٹنے کی ہر کوشش کے خلاف کھڑے ہونگے تاہم اگر حکومت ٹیکس نیٹ میں اضافہ چاہتی ہے تو اسٹیک ہولڈر ز کی مشاورت سے کرپشن سے پاک اسکیم لائے جو ملک بھر کے تاجروں کیلئے قابل قبول ہو وہ گزشتہ روز یہاں ملک بھر سے آئے ہوئے تاجررہنمائوں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کر رہے تھے ۔
نام کی تجارت دوست اسکیم درحقیقت تجارت دشمن ہے،کاشف چوہدری
Jun 04, 2024