برسبن میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے کھیلتےہوئےمقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر تین سو اکیس رنز بنائے۔وارنر نے ایک سو تریسٹھ رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں تیرہ چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ ان کے علاوہ میتھیو ویڈ نے نصف سنچری بنائی۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کے لیے ایک سو چھتیس رنز کی شراکت قائم کی۔ سری لنکا کی جانب سے پرساد دو وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب بولر رہے۔ سری لنکا نے اننگز کا آغاز کیا تو سری لنکن ٹائیگرز کھیل کے آغٓاز سے ہی لڑکھڑاتے دکھائی دیئے۔سری لنکا کی ابتدائی پانچ وکٹیں صرف ایک سو پچیس رنز پر گر چکی تھیں اور میچ یکطرفہ ہوتا دکھائی دے رہا تھا تاہم اپل تھارنگا اور نوان کلاسیکرا نے ایک سو چار رن کی شراکت قائم کر کے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ کلاسیکرا نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے چوّن گیندوں پر تہتر رنز کی اننگز کھیلی جبکہ تھارنگا نے ساٹھ رن بنائے۔ سری لنکا کی بھرپور کوششوں کے باوجود بھی پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر تین سو چھ رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ ہسی نے چار جبکہ شین واٹسن اور بریٹ لی نے تین، تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔کامن ویلتھ بینک سہ فریقی سیریز کا دوسرا میچ چھ اور تیسرا آٹھ مارچ کو ایڈیلیڈ میں کھیلا جائے گا۔