لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کی سب سے بڑی گھوڑ دوڑ ڈربی کپ 2013ءکا ٹائٹل فیورٹ گھوڑے ڈین زارو نے جیت لیا، گورنرپنجاب سید احمد محمود کی گھوڑی لین کاﺅنٹی نے کوئین ایلزبتھ کپ اپنے نام کیا جبکہ بریڈرز کپ میں پیرپگارا کا گھوڑا اپ سیٹ شکست کھا گیا۔ لاہور ریس کلب میں پاکستان ڈربی ڈے کے موقع پر بارہ ریسز کا انعقاد ہوا۔ سال کے سب سے بڑے ٹائٹل پاکستان ڈربی کپ میں فیورٹ گھوڑے ڈین زارو نے کامیابی حاصل کرکے میدان مارا۔ اس کے سوار عامر پرویز نئے قومی ڈربی چیمپئن بن گئے۔کوئین الزبتھ کپ میںگورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی گھوڑی لین کاﺅنٹی نے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مارا۔ ڈربی ڈے کی تیسری بڑی ریس بریڈرز کپ میں پیرپگارا کا گھوڑا دی انکریٹی بل بری طرح اپ سیٹ شکست کھا گیا اور اس ریس میں غیرمتوقع صبح صادق نے کامیابی حاصل کرکے شائقین کو حیرت زدہ کردیا۔ سٹوررڈ کپ میں ڈیوائن اینجل نے کامیابی حاصل کرکے ٹائٹل اپنے نام کیا۔ دیگر مقابلوں میں ڈیموکریسی پلیٹ ڈویژن ٹو میں جان سینا، ڈویژن ون میں جمیل چوائس ، ڈویژن ٹو اے میں ایمزینگ گریس ، ایل آر سی کپ ڈویژن ٹو اے میں گولڈن روز جبکہ ایل آر سی ڈویژن تھری میں پینزی نے میدان مارا۔