روٹی، کپڑا، مکان کے نعرے لگانیوالوں نے قوم کو مایوس کر دیا: فضل الرحمن

ڈیرہ اسماعیل خان (ثناءنیوز) جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کے دعویداروں نے قوم کو مایوس کیا، نااہل حکمرانوں نے قوم کے خوابوں کو چکنا چور کردیا، قوم طالبان سے مذاکرات کے لئے متحد ہو چکی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز حق نواز پارک میں اسلام زندہ باد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی، مولانا عبدالغفور حیدری اور پیر آف گولڑہ شریف شیخ عبدالحمید نے بھی خطاب کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ معاشی لحاظ سے ہم ایک کنگال ملک نئی نسل کے حوالے کر رہے ہیں حکمران پیاسوں اور بھوکوں کی بھوک مٹانے کیلئے تیار نہیں۔ اگر وہ اشتعال میں آتے ہیں تو وہ دہشتگرد ہو جاتے ہیں۔ آج ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہیں۔ ہمارا ملک غیر محفوظ بن چکا ہے۔ مغربی سرحدوں پر بغیر تنخواہ کے قبائل ہماری سرحدوں کے محافظ ہیں۔ ان پر بمباری کی جا رہی ہے۔ ان کے بچوں اور ماﺅں کو خون میں نہلایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آیئے اس وقت کو بچائیں۔ ملک میں خوف کی سیاست کی بجائے امید کی سیاست کریں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماءاسلام نے قوم کو خوشحال پاکستان کا تصور دیا ہے۔ جمعیت علماءاسلام عالمی قوتوں کو پیغام دیتی ہے کہ باوقار دوستی کیلئے ہمارے دروازے آپ کیلئے کھلے ہیں۔ پاکستان کے جاگیردار اور سرمایہ داروں کو بتانا چاہتے ہیں کہ ہم تمہاری زمینیں اور کارخانوں پر قبضہ نہیں کرنا چاہتے ہم تمہارے رویوں کی تبدیلی چاہتے ہیں۔ واضح رہے کانفرنس کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔

ای پیپر دی نیشن