لاہور (احسان شوکت سے) محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں و موٹرسائیکلوں کی رجسٹریشن کے کاغذات مالکان کو پہنچانے والی پرانی کورئیر کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے نئی کورئیر کمپنی کو دے دیا ہے۔ اس رنجش پر پرانی کورئیر کمپنی نے ہزاروں گاڑیوں کی فائلیں دبا لیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور وہ فائل کے حصول کے لئے محکمہ ایکسائز اور کورئیر کمپنی کے درمیان فٹ بال بن کر رہ گئے مگر ان کی شنوائی نہیں ہو رہی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ایکسائز کی موٹر برانچ میں نئی گاڑی و موٹرسائیکل کی رجسٹریشن کے بعد اصل کاغذات کی فائل کورئیر کمپنی کے ذریعے مالک کے پتے پر پہنچائی جاتی ہے۔ اس سلسلہ میں پرانی کورئیر کمپنی محکمہ ایکسائز سے فی فائل 30 روپے وصول کرتی ہے مگر اب ایکسائز حکام نے پرانی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کرکے نئے کمپنی کو 9 ہزار روپے اضافے کے ساتھ 39 روپے فی فائل دے دیا ہے مگر پرانی کمپنی ٹھیکہ ختم ہونے کی رنجش پر شہریوں کو ان کی گاڑیوں کے اصل کاغذات نہیں پہنچا رہی۔ جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اس حوالے سے ڈائریکٹر موٹر برانچ چودھری مسطورالحق نے ”نوائے وقت“ کو بتایا کہ پرانی کمپنی صرف دو اضلاع لاہور اور راولپنڈی میں مالکان کو اصل فائلیں پہنچاتی تھی۔ اب نئی کمپنی کو صوبے کے تمام اضلاع میں فائلیں پہنچانے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ پرانی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ ہونے پر بیشتر عملہ نئی کمپنی کے پاس چلا گیا ہے جس سے پرانی کمپنی کا کام سست روی کا شکار ہے۔ وہ اس سلسلہ میں آج پیر پرانی کورئیر کمپنی سے میٹنگ کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کی مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق نئی کورئیر کمپنی نے ابھی کام شروع نہیں کیا ہے جس سے فائلوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔