لاہور (خبرنگار) مسلم لیگ ہم خیال کے چیئرمین حامد ناصر چٹھہ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے کہا ہے کہ ملک میں شفاف انتخابات کیلئے سیاسی گورنرز کی تبدیلی اور آصف زرداری کا استعفیٰ ضروری ہے۔ آصف زرداری کا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینا عدالتی احکامات کی توہین ہے۔ سپریم کورٹ اور الیکشن کمیشن فوری نوٹس لیں، آئندہ انتخابات میں ملکی خزانہ لوٹنے والوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہوجائیگی۔ موجودہ پیپلز پارٹی بی بی اور بھٹو کی نہیں بلکہ چوروں، لٹیروں، ڈاکوﺅں اور قبضہ گروپ کی پارٹی بن چکی ہے۔ وہ بند روڈ پر پارٹی کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔حامد ناصر چٹھہ اور میاں آصف نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے۔ ملک کا بیڑا غرق کرنے میں آصف زرداری اور انکے اتحادیوں نے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں مخلص قیادت میسر آجائے تو وطن عزیز کا مستقبل انتہائی روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص اور ناقابل فہم پالیسیوں نے اسے تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی حکومت نے کرپشن کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں۔ ملکی قرضے 15 ہزار ارب تک جاپہنچے ہیں۔