مشرف کی وطن واپسی سے پہلے ضمانت قبل از گرفتاری کےلئے عدالت سے رجوع کا فیصلہ

 لاہور (این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی وطن واپسی سے پہلے ضمانت قبل از گرفتاری کےلئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ پرویز مشرف پر قائم مختلف مقدمات کا دفاع کرنے کیلئے نامور وکلاءپر مشتمل لیگل ٹیم نے ہوم ورک شروع کر دیا۔ ذرائع کے مطابق اے پی ایم ایل کی قیادت نے مشاورت کے دوران اس بات پر غور و خوض کیا ہے کہ پرویز مشرف پر بینظیر بھٹو‘ اکبر بگٹی قتل کیس سمیت دیگر کیسز ہیں جبکہ انکی عدم پیشی پر وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے جا چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی وطن واپسی پر مقدمات کا سامنا کرنا کےلئے انکی ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ مقدمات کے دفاع کے لئے نامور وکلاءکی لیگل ٹیم شکیل دیدی گئی ہے۔ اس حوالے سے آل پاکستان مسلم لیگ کی مرکزی ترجمان آسیہ اسحاق نے رابطہ کرنے پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہیں تو ہی وطن واپس آرہے ہیں۔ اس حوالے سے جلد عدالت میں انکی ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے رجوع کر لیا جائے گا۔ یہ کسی بھی شہری کا حق ہے کہ وہ عدالتوں میں پیش ہونے کےلئے ضمانت کرائے اور اس میں کوئی برائی نہیں۔

ای پیپر دی نیشن