کوئٹہ (اے پی پی) کوئٹہ میں گیس سے دم گھٹنے سے سب انسپکٹر جاں بحق ہوگیا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب کوئٹہ کے علاقے کیچی بیگ میں سب انسپکٹر ثناءاللہ کمرے میں گیس کا ہیٹر جلتا چھوڑ کر سوگیا، رات کے کسی وقت کمرے میں آکسیجن ختم ہونے کے باعث دم گھٹنے کے باعث ہلاک ہوگیا۔ نعش کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی ہے۔ ادھر پولیس کے مطابق اتوار کو خاران میں منیر احمد نے گھریلو رنجش کی بناءپر تشدد کرکے بیٹے نذیر احمد کو ہلاک کردیا۔ پولیس نے نعش قبضے میں لیکر ہسپتال پہنچاکر ضروری کارروائی کے بعد ورثاءکے حوالے کردی اور مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیںکوئٹہ کے نواحی علاقے کچلاک کے نالے سے 2 افرادجبکہ مستونگ سے خاتون کی لاش ملی ہے۔ پولیس کے مطابق کچلاک کے علاقے کلی اسپن کاریز سے دو نوجوانوں کی نعشیں ملی ہیں جنہیں سینے پر گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ نعشوں کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاشوں کو قبضے میں لے کر مقامی ہسپتال پہنچا دیا ۔ مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ سے ایک خاتون کی نعش ملی ۔ جس کے بارے میں شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس نے خود کشی کی ہے۔ دوسری طرف رکھنی میں شارٹ سرکٹ کے باعث دکان میں آگ لگنے سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔ رکھنی میں محمد اعظم کی الیکٹرونکس کی دکان میں بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث آگ لگنے سے دکان میں موجود 30لاکھ روپے مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہوگیاپولیس مزید کارروائی کررہی ہے۔ نامعلوم افراد نے بی آر ایس پی کے دفتر کو آگ لگا دی۔ جس کے باعث دفتر کا سامان اور ریکارڈ جل کر خاکستر ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی۔ علاوہ ازیں نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک شخص کو زخمی کردیا۔ پنجگور کے علاقے سکون ندی کے مقام پرنامعلوم مسلح افراد نے ایک شخص محمد اسلم سے گاڑی چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے زخمی کو ہسپتال پہنچا دیا اور مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔
کوئٹہ: گیس سے دم گھٹنے سے سب انسپکٹر جاں بحق، خاران: باپ کے تشدد سے بیٹا چل بسا
Mar 04, 2013